خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے اربوں کے ٹینڈرز جاری
پشاور (نمائندہ خصوصی) — خیبر پختونخوا حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے مالی تعاون سے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی اور بہتری کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے کے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔
یہ منصوبہ “Khyber Pakhtunkhwa Rural Roads Development Project” کے تحت پیکج نمبر 10 پر مشتمل ہے، جس میں ضلع لوئر کوہستان اور اپر کوہستان کی 53.60 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت و بہتری شامل ہے۔ منصوبے کی کل لاگت کا تخمینہ 3.81 ارب روپے (PKR 3,813.00 million) لگایا گیا ہے، جب کہ تعمیراتی صلاحیت کے لیے درکار مالی گنجائش کم از کم 4.78 ارب روپے (PKR 4,786.00 million) رکھی گئی ہے۔
ٹینڈر کی دستاویزات کے مطابق، اہل ٹھیکیداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران اس نوعیت کا کم از کم ایک کامیاب منصوبہ مکمل کر چکے ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے پاس پچھلے تین سالوں میں مخصوص مالی استعداد اور نقد بہاؤ بھی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بولی دہندگان کے لیے آخری تاریخ 3 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے، جب کہ پری بڈ میٹنگ 19 جون 2025 کو صبح 11 بجے پشاور میں ہوگی۔ بولی کی وصولی اور کھولنے کا عمل Communication and Works Department (C&W)، یونیورسٹی ٹاؤن پشاور میں انجام دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق، بولی دہندگان کو ADB کی Single-Stage, Two-Envelope بولی کے اصولوں کے مطابق کوالیفائیڈ ہونا ہوگا، اور صرف وہی کمپنیاں بولی میں حصہ لے سکیں گی جو پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ ہوں گی۔
ترقیاتی منصوبوں کے ماہرین نے اس اقدام کو قبائلی اور پسماندہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔