سرکاری فنڈز کی غیر قانونی نکاسی اعظم سواتی کو نیب کی طلبی، کوہستان کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت
پشاور
قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان کے ضلعی اکاؤنٹس آفس میں سرکاری فنڈز کی مبینہ خردبرد اور غیر قانونی نکاسی سے متعلق کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، اعظم سواتی کو 23 جون 2025 کو صبح 11 بجے نیب ہیڈکوارٹر فیز 5 حیات آباد، پشاور میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سال 2024 میں کوہستان ایسوسی ایٹ اینڈ بلڈرز نامی فرم سے موصولہ بینک ادائیگی کا مکمل ریکارڈ بھی ساتھ لائیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس ایسے اہم شواہد ہیں جو انکوائری میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ عدم تعاون کی صورت میں نیب قانون کے مطابق کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔