اڈیالہ سے پیغام عمران خان نے کوہستان اسکینڈل پر کے پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا!
پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے خیبرپختونخوا حکومت کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کوہستان کرپشن اسکینڈل پر فوری وضاحت طلب کرنے کے بجائے وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے، تاکہ پارٹی اور حکومت کی ساکھ کو بچایا جا سکے۔
یہ بات گزشتہ روز ہونے والی عمران خان اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی ملاقات کی اندرونی گفتگو سے سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے سخت لہجے میں کہا کہ "کوہستان اسکینڈل سے پارٹی اور حکومت پر منفی تاثر جا رہا ہے، کے پی حکومت واضح کرے کہ اصل ذمے دار کون ہیں اور پارٹی کا اس میں کیا مؤقف ہے؟”
عمران خان نے نہ صرف اسکینڈل پر پالیسی ہدایت جاری کی بلکہ اس ملاقات کے دوران بلین ٹری منصوبے کو فعال کرنے، کلائمیٹ چینج پر توجہ، اور صحت و تعلیم کے شعبے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی دی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا کا آئندہ بجٹ، انتظامی معاملات اور حالیہ کرپشن الزامات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی۔ عمران خان کی اس گفتگو سے یہ واضح پیغام ملا ہے کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی اپنی حکومت اور پارٹی کے اقدامات پر نہ صرف نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ بروقت اصلاح کے لیے رہنمائی بھی کر رہے ہیں۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب کوہستان کرپشن اسکینڈل خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، اور مختلف حلقوں سے شفاف تحقیقات اور ذمے داروں کے تعین کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔